لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو ) ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف چوتھے روز بھی آپریشن کیا گیا اور 126 ایف آئی آرز رجسٹرڈ کروائی گئیں۔
لیسکو ترجمان کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے 5 سرکلز سمیت اوکاڑہ، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ سرکلز میں چوتھے روز کی جانے والی کارروائیوں کے دوران 248 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے اور 247 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کرانے کے لئے متعلقہ تھانوں میں دراخواستیں دائر کی گئیں جن میں سے 126 رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔
ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران پکڑے جانے والے کنکشنز میں ایک انڈسٹریل، 3 زرعی، 7 کمرشل اور 237 ڈومیسٹک تھے جبکہ تمام کنشکنز کو منقطع کر کے انہیں 5 لاکھ 64 ہزار سے زائد یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارچ کئے گئے ہیں جن کی رقم 2 کروڑ 57 لاکھ 71 ہزار 484 روپے بنتی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ چار روز سے جاری گرینڈ آپریشن کے دوران اب تک ایک ہزار 61 کنکشنز کو پکڑا جا چکا ہے، ایک ہزار 59 ملزمان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دی گئیں اور اب تک 655 مقدمے رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جبکہ 19 ملزمان گرفتار ہیں۔
بجلی چوروں کو ڈیٹیکشن بل کی مد میں مجموعی طور پر 35 لاکھ 90 ہزار 45 یونٹس چارج کیے گئے ہیں۔