پنجاب کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا،محکمہ موسمیات نے 17اکتوبر تک بارش جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
بہاولپور، لودھراں، خانیوال، بنوں اور شمالی وزیرستان سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ جیکب آباد اور گردونواح میں ہلکی بارش،موسم سرد ہوگیا۔
ملتان میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش سے موسم حسین ہوگیا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیزبارش ہوئی۔گلبرگ،جیل روڈ، لارنس روڈ کے اطراف میں بارش ہوئی۔اچھرہ،کلمہ چوک،گارڈن ٹاؤن،جوہر ٹاؤن میں بھی بارش ہوئی۔
وقفے وقفے سے جاری بارش کے باعث لیسکو کے سنتالیس فیڈر ٹرپ کر گئے۔لاہور میں لیسکو کے پندرہ،قصور میں اکیس فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
کراچی کا موسم اچانک تبدیل ہوگیا،محکمہ موسمیات کی پیشگوئی درست ثابت ہوئی۔شہر کے مختلف علاقوں میں گرد آلود ہواؤں کے بعد بوندا باندی شروع ہوگئی۔ملیر،کارساز،سپر ہائی وے سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوئی۔
بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں اوتھل وایارو کے قریب تیز بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی جس کے باعث کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بلاک ہوگئی، شاہراہ بلاک ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی۔