وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ میرے پاس تمام وزارتیں امانت ہیں اور میں اللہ اور قوم کو ان کے بارے جوابدہ ہوں، وزارتوں کی ایک ، ایک پائی کا ذمہ دار ہوں، کبھی سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے، غیر ملکی دورے بھی ذاتی خرچ پر کیے، میرے پاس کوئی سرکاری ملازم اور گاڑی بھی نہیں، تنقید کرنے والے دوسروں کو سمجھانے کے بجائے اپنے گریبان میں جھانکیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ میرے پاس جو بھی وزارت ہے یہ امانت ہے، میں اس کے لئے اپنے اللہ کو بھی جوابدہ ہوں اور اپنی قوم کو بھی جوابدہ ہوں، قومی خزانے سے میں نے کبھی اپنے اوپر ایک روپیہ بھی نہیں لگایا ہے اور نہ کبھی لگاؤں گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میرے پاس کوئی سرکاری گاڑی نہیں ہے ، میرے پاس کوئی سرکاری ملازم نہیں ہے، میرے پاس کوئی سرکاری ڈرائیور نہیں ہے، میں نے آج تک جتنے بھی بیرون ملک دورے کئے ہیں ان کے لئے ایک روپیہ بھی آج تک حکومت پاکستان سے نہیں لیا۔
لازمی پڑھیں۔ پوسٹل سروسز کی خالی آسامیاں ختم ہونے پر خزانے کو کتنا فائدہ پہنچا؟ وزیر مواصلات نے بتادیا
عبدالعلیم خان نے تنقید کرنے والوں کو چیلنج کیا کہ کوئی ثابت کردے کہ میں کبھی کسی ملک میں سرکاری خرچے پر گیا ہوں یا کوئی سفارت خانہ کہہ دے کہ میں نے کسی ملک میں رہتے ہوئے ایک روپیہ بھی حکومت پاکستان کا خرچ کیا ہو پا پاکستانی قوم کا لگوایا ہو، ایک دفعہ میں نے کوئی ٹی اے ، ڈی اے لیا ہو؟ ۔
لازمی پڑھیں۔ وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا این ایچ اے کا ہدف 500 ارب تک لے جانے کا عزم
ان کا کہنا تھا کہ میں جہاں گیا ہوں اپنے خرچے پر گیا ہوں، اپنے خرچے پر جاؤں گا، جہاں رہتا ہوں اپنے خرچے پر رہتا ہوں، میں نے وزارت نجکاری کا جو دفتر بنایا اس میں بھی کوئی ثابت کر دے کہ میں نے اس کے لئے ایک روپیہ بھی حکومت پاکستان سے لیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ جو مجھ پر تنقید کرتے ہیں ان سابق وزراء کی تصاویر میں نے اپنے تصویر سے اوپر لگوائی ہیں۔
لازمی پڑھیں۔ صوبائی حکومتیں مل کر پی آئی اے لینا چاہیں تو اعتراض نہیں، وزیر نجکاری
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب کو اپنے اپنے گریبان میں جھانکنے کی ضرورت ہے، دوسروں کو سمجھانے کے بجائے پہلے ہم خود دیکھیں کہ میں کیا ہوں ؟، میرے پاس جو محکمے ہیں میں اپنے عوام کے سامنے ان کی ایک ایک پائی کا ذمہ دار ہوں۔