اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا ورکنگ پیپر حکومت کو بھجوادیا، پیٹرول ساڑھے 38 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے۔
پاکستان میں ہر ماہ یکم اور 16 تاریخ کو پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق ہوتا ہے، جس کا اعلان ایک روز قبل کیا جاتا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں مین بڑی کمی کیلئے ورکنگ پیپر حکومت کو بھجوادیا۔
ذرائع کے مطابق اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی قیمت 38 روزپے 49 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل 21 روپے تک کم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم یا زیادہ کرنے یا برقرار رکھنے کا اختیار وزارت خزانہ کے پاس ہے، وزارت خزانہ آج رات پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز عائد نہ کئے تو عوام کو بڑا ریلیف ملنے کا امکان ہے، اس وقت پٹرول پر 60 اور ڈیزل پر 50 روپے لیوی وصول کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اس وقت پیٹرول 324 جبکہ ڈیزل 319 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔
گزشتہ چند روز کے دوران عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے، جس کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کا قوی امکان ہے۔