وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی اور شراکت داری مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب دورہ امریکا کے دوران واشنگٹن میں موجود ہیں جہاں ان کی چین کے نائب وزیر خزانہ لیاؤ من، گوگل کے نائب صدر کرن بھاٹیا اور بین الاقوامی کمپنی ویزا کے ریجنل صدر اینڈریو ٹورے سے ملاقاتیں ہوئیں۔
چین کے نائب وزیر خزانہ سے ملاقات
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی واشنگٹن میں عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس کے موقع پر چین کے نائب وزیر خزانہ لیاؤ من سے ملاقات ہوئی جس کے دوران انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی اور شراکت داری مزید بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔
محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف پروگرام کے حصول میں چین کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت چینی مارکیٹ میں پہلا پانڈا بانڈ جاری کرنے کی خواہشمند ہے اور حکومت نے چینی شہریوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا عزم کررکھا ہے، چینی حکومت کرنسی سویپ معاہدے کی حد کو بڑھا کر 40 ارب چینی یوآن کرے۔
وزیر خزانہ نے پاکستان میں الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرانے کیلئے چینی کمپنی کے فیصلے کا خیرمقدم بھی کیا اور
فریقین نے ادائیگیوں کے آن لائن تصفیے اور دوطرفہ ادائیگی کے نظام مشترکہ بنانے پر زور دیا۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان چینی معاشی اصلاحات کے تجربے سے سیکھنے کیلئے پرعزم ہے۔
گوگل کے نائب صدر سے ملاقات
وزیر خزانہ سے واشنگٹن میں گوگل کے نائب صدر کرن بھاٹیا نے بھی ملاقات کی اور پاکستان میں گوگل کی حالیہ سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے بارے میں آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران کرن بھاٹیا نے پاکستان کی معیشت میں ٹھوس کردار ادا کرنے کے منصوبوں کا جائزہ پیش کیا اور ریگولیٹری، قانون سازی، کنیکٹیویٹی اور مالی مسائل پر روشنی بھی ڈالی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نائب صدر گوگل کو مسائل سے متعلق مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ویزا کے ریجنل صدر سے ملاقات
وزیر خزانہ کی بین الاقوامی کمپنی ویزا کے ریجنل صدر اینڈریو ٹورے سے بھی ملاقات ہوئی جس کے انہوں نے پاکستان میں ادائیگیوں کا نظام جدید بنانے کیلئے ویزا کی کاوشوں کو سراہا۔
محمد اونگزیب کا کہنا تھا کہ اِن کاوشوں میں ون لنک جیسے مقامی ادائیگی کے اداروں کی مدد شامل ہے، مالی شمولیت کو فروغ اور کاروباری افراد کی مدد کیلئے ویزا کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔
وزیر خزانہ نے ویزا اور نجی بینک کے اشتراک سے جاری ہونے والی مالی شمولیت کارڈ پر اظہار اطمینان کیا اور صارفین کو مزید راستے فراہم کرنے اور مقامی لین دین کی پروسیسنگ کیلئے مساوی مواقع یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔