کسٹمز انٹیلی جنس نے کراچی ایئرپورٹ ٹرمینل پر کارروائی کرتے ہوئے 13 کروڑ روپے سے زائد کے 168 آئی فون قبضے میں لے کر 4 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔
کسٹمز انٹیلیجنس نے خفیہ اطلاع پر کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر کسٹمز چیکنگ میں کلیئر کئے گئے 13 کروڑ روپے کے آئی فون قبضے میں لے لئے، 4 مسافروں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایئر عربیہ کی پرواز کے ذریعے 4 مسافر شارجہ سے 168 آئی فون کراچی لائے تھے، چاروں مسافر ایئرپورٹ کسٹمز کی مبینہ کلیئرنس کے بعد بین الاقوامی آمد لاؤنج سے باہر نکل چکے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کسٹمز انٹیلی جنس نے مسافروں کو گرفتار کرکے ملوث دیگر افراد کی نشاندہی کیلئے تحقیقات شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اس بات کا انکشاف ہوا ہے تھا کہ موبائل فونز اسمگلنگ کیلئے بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں اور عمرہ زائرین کو آلۂ کار بنایا جارہا ہے۔
چند روز قبل بھی کراچی ایئر پورٹ پہنچنے والی فیملی سے 51 مہنگے موبائل فونز برآمد کرکے 3 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ ملزمان کیخلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔