سربراہ جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ میں بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی پر ) ظلم کے خلاف پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا ہوں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یہاں پر جھگڑا شخصیات کے حوالے سے ہے، حکومت ایک جج سے اور اپوزیشن دوسرے جج سے ڈر رہی ہے ، میرا موقف تھا کہ شخصیات پر توجہ دینے کی بجائے اصلاحات کی ضرورت ہے۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کیلئے بلاول بھٹو کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، میاں نواز شریف شہباز شریف اور پی ٹی آئی کا بھی شکرگزار ہوں، متفقہ آئینی ترمیم کیلئے میں نے بھرپور کوشش کی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے ذریعے عدلیہ سے متعلق پارلیمنٹ کو اختیار ملا ، اس کے بعد بہت جلد یہ اختیار انیسویں ترمیم کی صورت دوبارہ لے لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے مسودہ آج کے مسودے میں بہت فرق ہے ، ابتدائی مسودہ چھپن شقوں پر مشتمل تھا ، بات چیت کے بعد یہ مسودہ بائیس نکات پر آگیا، ہم اس مسودے کے ذریعے جمہوریت کا قتل کررہے تھے ، میاں نواز شریف، آصف علی زرداری کی بہن پر ظلم کے خلاف تھا آج بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی پر ) ظلم کے خلاف پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کل میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف، آصف علی زرداری اور فریال تالپور پر ہونے والے ظلم کی مذمت کی ، اس معاملے پر فرنٹ لائن پر آکر اس ظلم کی مذمت کی ، آج جو کچھ عمران خان کیساتھ ہورہا ہے میں اس کی بھی مذمت کرتا ہوں۔