الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا،مقامی و غیر ملکی میڈیا اور مبصرین کسی سیاسی جماعت اور امیدوار کے لیے تعصب اور ترجیحات کا اظہار نہیں کریں گے،ابتدائی نتائج نشرکرتے وقت بتایا جائے گا کہ یہ غیر سرکاری اور نامکمل نتائج ہیں،آر او کی جانب سے اعلان تک حتمی نہ سمجھا جائے۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق الیکشن مہم کے دوران قومی میڈیا پاکستان کے نظریات اور خود مختاری کا مکمل خیال رکھے گا۔سیکیورٹی،عدلیہ اور دیگر قومی ادادوں کی آزادی و سالیمت کے خلاف تعصب پر مبنی رائے کی عکاسی نہیں ہوگی۔
ایک امیدوار کے دوسرے پر الزام ہوں تو دونوں طرف سے تصدیق کی جائے گی۔ پیمرا، پی ٹی اے،پی آئی ڈی،وزارت اطلاعات کا سائیبر ڈیجیٹل ونگ سیاسی جماعتوں اور امیداروں کو دی گئی کوریج مانیٹر کرے گا۔الیکشن کے دن سے اڑتالیس گھنٹے قبل الیکشن میڈیا مہم ختم کر دی جائے گی۔
بین الاقوامی میڈیا اورمبصرین کو کہا گیا ہےکہ اپنی ویزا درخواست وقت پر دیں، ویزا کی مدت سے زیادہ پاکستان میں قیام نہیں کیا جا سکے گا۔پاکستان کی خود مختاری،افراد کی آزادی اور بنیادی حقوق کا احترام بھی لازمی ہوگا۔مبصرین یقینی بنائیں گےکہ انکا مشاہدہ اور رپورٹنگ غیر جانبدار، بامقصد اور درست ہو۔ بین الاقوامی میڈیا اور مبصرین کسی سیاسی جماعت کا نشان یا رنگ نہیں پہنیں گے۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق قومی مبصرین بھی ملکی خودمختاری اور افراد کے بنیادی حقوق کا احترام کریں گے۔ ملک کی ثقافت اور روایات کا احترام کیا جائے گا۔ خلاف ورزی پر ایکریڈیشن منسوخ کی جا سکتی ہے۔