چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے ہمارے دو سینیٹرز آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ ڈال سکتے ہیں۔
سماء سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہمارے دو سینیٹرز سے ہمارا رابطہ نہیں ہے جن میں زرقا تیمور سہروردی اور فیصل سلیم شامل ہیں اور ہمیں خدشہ ہے کہ یہ دو سینیٹرز آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ ڈال سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے تمام سینیٹرز کو آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ نہ دینے کی واضح ہدایت کر رکھی ہے، میرے خیال میں ہمارے 2 سینیٹرز آئینی پارٹی پالیسی کے خلاف جا سکتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو اپنی پارٹی پالیسی اور بانی پی ٹی آئی کا مؤقف بتا دیا ہے اور سربراہ جے یو آٰئی سے آج ہماری مزید کوئی ملاقات نہیں ہوگی اگر ملاقات ضروری ہوئی تو پیر کو ہی ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بطور اپوزیشن مولانا فضل الرحمان ہمارے اتحادی رہیں گے۔