قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں اچھی پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔
ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈولڈ میچ سے ایک روز قبل احمد آباد میں پری میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ میں ٹاس اہم ہوگا، دوسری اننگ میں بیٹنگ آسان ہوتی ہے۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ جیتنا ہے تو فیلڈنگ کو بہتر کرنا ہوگا، ہم نے گزشتہ میچ میں اچھی فیلڈنگ نہیں کی تاہم کوشش ہے کم سے کم غلطیاں کریں، ہم نے جو سیشن کیا اس میں فیلڈنگ پر کام کیا ہے اور فیلڈنگ میں بہتری کے لیے پلیئرز سے بھی بات کی ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ کا پریشر ضرور ہوتا ہے لیکن اپنے آپ کو جتنا فوکس رکھیں گے اتنا پریشر کم ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی پر زیادہ توجہ نہیں دیتا، یقین ہے اچھا کھیلیں گے اور ماضی کے مقابلوں کا ریکارڈ توڑنے آئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک میچ ہارنے سے کپتانی نہیں جاتی اور نہ ایک میچ جیتنے پر کپتانی برقرار رہتی ہے، شاہین شاہ آفریدی بڑے میچ کے باؤلر ہیں، نسیم شاہ کی کمی محسوس کریں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔