ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ میزبان ملک کے ناطے سیکیورٹی مہیا کرنا بھارتی ریاست کی ذمہ داری ہے جبکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سازگار ماحول فراہم کرنا بھی بھارت کی ذمہ داری ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستانی صحافیوں اور شائقین کو ویزے جاری کرنے پر بھارت سے رابطے میں ہیں، بھارت سے جلد ویزوں کے اجراء کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بلا جواز کیس میں زینب عباس کو گھسیٹا جارہا ہے۔ زینب عباس کے خلاف بے جا ٹویٹ پر کیس درست اقدام نہیں ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطین کاز کا مضبوط حامی ہے، وفاقی کابینہ نے بھی اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ہے۔ معاملے پر او آئی سی کا خصوصی اجلاس بلانے کے لئے پاکستان کوشش کررہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے سائفر کے حوالے سے سوال پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ عدالت میں ہے اور اس کا تعلق قومی سلامتی سے ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں ہولناک زلزلہ پر غمزدہ ہے، پاکستان کو افغانستان میں ہلاکتوں اور نقصانات پر افسوس ہے۔ پاکستان افغانستان کے ساتھ یکجہتی اور تعاون کا یقین دلاتا ہے۔ مزید کہا کہ یکم نومبر سے غیرقانونی باشندوں و مہاجرین کے خلاف کاروائی کی جائے گی، امیگریشن وریاستی قوانین کےتحت غیرقانونی تارکین وطن کیخلاف کارروائی ہوگی ، کالعدم و دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی پر افغان حکومت کی کوششوں کا خیرمقدم کریں گے۔