پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر ظہیر عباس نے وائٹ بال ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کا مطالبہ کردیا۔
لیجنڈری کرکٹر ظہیر عباس جنہیں ایشین بریڈمین کہا جاتا ہے نے پاکستان وائٹ بال ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ان کی حالیہ فارم پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ٹیسٹ اسکواڈ سے ڈراپ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بدترین کارکردگی کی وجہ سے بابر اعظم کو تنقید کا سامنا ہے اور وہ ہوم سیریز کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ ٹین کی فہرست سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔
ظہیر عباس نے ایک اسپورٹس ٹاک شو میں شرکت کے دوران بابر اعظم کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے ٹیم میں ان کی جگہ پر سوال اٹھایا۔
ظہیر عباس نے کہا کہ بابر اعظم کو ٹیم سے ڈراپ کیا جانا چاہیے، اگر وہ رنز نہیں بنا رہے۔
لیجنڈری کرکٹر نے بابر اور بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کے درمیان موازنے کو بھی مسترد کیا اور کہا کہ یہ بحث بے بنیاد ہے۔