کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسین کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت مزدور وہاں سے نکل گئے تھے، موسیٰ خیل سے کسی مزدور کو اغوا نہیں کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں قومی شاہراہ پر نجی کمپنی کے کیمپ پر فائرنگ کر کے مسلح افراد 14 مزدوروں کو اغوا کرکے لے جانے کے معاملے پر کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسین نے تردیدی کر دی۔
کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسین کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ضلع کی تحصیل درگ میں پنجاب اور خیبر پشتونخوا سے متصل سرحدی علاقے میں کیا گیا ہے، حملے کے وقت 20نہیں بلکہ 17مزدور وہاں موجود تھے ، حملے کے وقت مزدور وہاں سے نکل گئے تھے ۔
کمشنر لورالائی ڈویژن کا مزید کہنا تھا کہ حملہ پی پی ایل کے کیمپ پر نہیں بلکہ اس کی کیمپ تک رسائی کے لیے سڑک تعمیر کرنے والی کمپنی پر کیا گیا ہے،جس علاقے میں حملہ کیا گیا وہ پی پی ایل کے کیمپ سے 18کلومیٹر دور ہے ، حملے میں کمپنی کی مشنری کو نقصان پہنچایا گیا ہے ۔