وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) سے قرض پروگرام سے متعلق اچھی خبرجلد آئے گی۔
منگل کو لاہور کے نجی ہوٹل میں پاکستان ریجنل اکنامک فورم کے تحت سی پیک فیز ٹو کی مناسبت سے وفاقی وزیر خزانہ نے پرائیوٹ سرمایہ کاروں سے خطاب کیا۔
نیویارک سے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب کے دوران وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے خصوصی طور پر چائنہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سی پیک کا پہلا فیز یعنی انفراسٹرکچر کا کام مکمل ہوگیا ہے اور دوسرے فیز میں سرمایہ کاری کے لئے کوشاں ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سے پاکستان کے قرض منظوری پرپیش رفت ہوئی ہے۔
محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو قرض دلانے میں دیگر دوست ممالک کی طرح چائنہ نے بھرپور کردار ادا کیا۔