توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر کردی گئی۔
دوران سماعت وکیل شعیب شاہین نے چیئرمین پی ٹی آئی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا، شعیب شاہین نے کہا کہ سیکورٹی کے بہانے باقی عدالتوں میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پیش نہیں کیا جارہا۔
ممبر سندھ نثار درانی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی تو پہلے یہاں پر آتے نہیں تھے اب پروڈکشن آرڈر کا کہہ رہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کون سی جیل میں ہیں،ہم سیکیورٹی کیلئے آئی جی کو لکھ دیتے ہیں۔
کمیشن کے رکن نثار درانی نے کہا کہ شوکاز نوٹس کا جواب آپ جمع کرائیں ہم پروڈکشن آرڈر جاری کردیتے ہیں،بعد ازاں الیکشن کمیشن نے فرد جرم کیلئے 24 اکتوبر کی نئی تاریخ دے دی۔
اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف بھی توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی، اسد عمر پیش ہوئے جبکہ فواد چوہدری غیر حاضر رہے، وکیل نے بتایا کہ فواد چوہدری بیمار ہیں، جس پر ممبر خیبر پختونخوا اکرام اللہ نے کہا آپ نے یہاں پیش نہ ہونا وطیرہ ہی بنا لیا۔ ممبر سندھ نثار درانی بولے اس رویئے پر مناسب آرڈر جاری کریں گے۔ مزید سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔