پنجاب بھر کی طرح راولپنڈی ڈویژن میں بھی کسان کارڈ کا اجرا کردیا گیا، کسان کارڈ کے ذریعے کھاد ، بیج اور زرعی ادویات کی خریداری کی جا سکے گی ۔
راولپنڈی میں کسان کارڈ کے اجرا کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران ممبر صوبائی اسمبلی ( ایم پی اے ) راجا محمد حنیف کا کہنا تھا کہ چاروں وزرائے اعلیٰ کا موازنہ کریں تو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سب سے آگے ہیں۔
راجا محمد حنیف کا کہنا تھا کہ پنجاب کے دوسرے اضلاع کی طرح راولپنڈی میں بھی کسان کارڈ کا اجراء ہو چکا ہے ، پنجاب حکومت نے کسانوں کیلئے چار ارب سترہ کروڑ روپے کی خطیر رقم رکھی ہے اور کسان کارڈ میں 15 لاکھ روپے کی لمٹ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسان کارڈ میں موجود رقم سے اپنی ضروریات پوری کریں گے ، 15 مئی سے قبل رقم واپس کرنے کی صورت میں کسان کو ایک پیسہ بھی سود ادا نہیں کرنا پڑے گا ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ زراعت ہمارے ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لیکن بدقسمتی سے زراعت کو اتنی اہمیت نہیں دی گئی ۔