ملکی کرنسی کی قدر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ امریکی ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی کا رجحان جاری ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی ) کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹربینک میں ڈالر مزید سستا ہوگیا۔
Interbank closing #ExchangeRate for today https://t.co/NDEA8exty1#SBPExchangeRate pic.twitter.com/3SZJwpG3Bp
— SBP (@StateBank_Pak) October 10, 2023
ایس بی پی کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز امریکی کرنسی کی قیمت میں 1 روپیہ 14 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ڈالر 280روپے 51پیسے پر بند ہوا۔
غیرقانونی کرنسی کی تجارت اور اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے نتیجے میں اوپن مارکیٹ میں 900 ملین ڈالر سرپلس ہوئے اور بینکوں میں جمع کرائے گئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ کاروباری روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 281 روپے 65پیسے ریکارڈ کی گئی تھی۔ حالیہ کئی روز کے دوران پاکستانی روپے کی قدر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی تیزی کا رجحان ہے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 70 دن کے بعد 48 ہزار پوائنٹس کی حد بحال ہوگئی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل ساتویں سیشن میں تیزی کا رجحان ہے۔ہنڈریڈ انڈیکس کی 307 پوائنٹس کے اضافے سے 48030 پوائنٹس پر ٹریڈ کررہا ہے۔