جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فلسطین والے معاملے پر پاکستان کو مبہم نہیں ہونا چاہیے ،ایک زمانے میں پاکستان نے اسرائیل کے جہاز گرائے تھے۔
ملتان میں گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ75 سال سے اسرائیل نے فلسطین کی زمین قبضہ جمایا ہوا ہے، امریکہ اور مغربی قوتیں انکی پشت پر رہی ہیں، انہوں نے ایک دفعہ بھی انسانی حقوق کی بات نہیں کی۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ تمام مظالم کے بعد غزہ سے اسرائیل کی طرف پیش قدمی ہوئی ہے، فلسطین نےجس ہمت کے ساتھ اپنی زمین کی حفاظت کی ہے تمام امت مسلمہ کو انکے ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ افغانیوں کے ساتھ جو رویہ رکھا گیا وہ ہماری روایت کےبرعکس ہے، افغانستان میں جوحملے ہوئے ہیں کیا ان میں پاکستانی نہیں پکڑے گئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ووٹ کوعزت کا نعرہ اس وقت تھا جب ووٹ کو خطرہ تھا، الیکشن میں ہر پارٹی کیلئے ایک جیسا ماحول ہونا چاہیئے، پیپلز پارٹی نئی مردم شماری کے تحت الیکشن پر متفق ہوگی، کل الیکشن کروائیں ہم تیار ہیں۔