سربراہ جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے رہنما حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ حکومت کسی اور کے ہاتھوں استعمال ہو رہی ہے۔
سماء کے پروگرام ’ دو ٹوک ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما جے یو آئی حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہماری اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی قیادت کے درمیان تلخیاں رہی ہیں تاہم، مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے ایک شخص جیل میں ہے اس کے خلاف بولنے سے اجتناب کروں گا۔
رہنما جے یو آئی کا کہنا تھا کہ حکومتی ذمہ داران کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو آکسفورڈ کے چانسلر کی دوڑ سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی لیکن اگر وہ بطور پاکستانی اس دوڑ میں شامل ہوں تو یہ پاکستان کی بہتری ہے یا بدنامی؟۔
حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب باہر جا کر بانی پی ٹی آئی سیاسی قیادت کے خلاف بات کرتے تھے تو ہم کہتے تھے یہ غلط ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے پی ٹی آئی والے آئے تو ہم نے ویلکم کیا ، وزیر اعظم شہبازشریف آئے اور صدر مملکت آصف زرداری بھی ملنے آئے، حکومت کی کوشش ہے کہ مولانا فضل الرحمان ان کے ساتھ ہوں جائیں کیونکہ اس سے حکومت مضبوط ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارافیصلہ ابھی تک یہ ہے نہ حکومت کو سپورٹ کریں گے نہ حصہ بنیں گے، حکومت کو نام کی سمجھتے ہیں کام کی نہیں، یہ حکومت کسی اور کے ہاتھوں استعمال ہو رہی ہے، کیا وہ ہمیں وزارت عظمیٰ کی کرسی دیں گے؟ ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر یہ وزارت اور صدارت کی کرسی دے بھی دیں تو ہماراموقف وہی ہے جہاں ہم 8 فروری کو کھڑے تھے، کوئی وزارت ہماری تحریک اور موقف کے سامنے حیثیت نہیں رکھتی ۔