ملک کے بیشتر علاقوںمیں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گرج چمک کیساتھ بارشوں ، برفباری اور دیگر علاقو ں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ انتظامیہ نے برف باری کے باعث بابوسرٹاپ روڈ ٹریفک کیلئے بند کردی ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقو ں میں موسم خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک اور جنوبی علاقوں میں گرم رہا تاہم بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بعض مقامات پر بارش ہوئی۔
دوسری جانب آج بیسر، جھیل لولو سر اور جھیل سیف الملوک میں برفباری ہوئی ، جس کے بعد وادی کاغان ناران میں سردی کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ۔ انتظامیہ نے برف باری کے باعث بابوسرٹاپ روڈ ٹریفک کیلئے بند کردی ۔
ادھرسوات میں بھی سردی نے دستک دے دی، سرما کی پہلی بارش شروع ہوئی جبکہ وادی مالم جبہ سمیت بالائی علاقوں میں بھی بارش ہوئی ، جس سے بالائی علاقوں میں پارہ 6 تک گرگیا،جبکہ بالائی پہاڑوں پر ہلکی برفباری بھی ہوئی۔
گجرات اور گردونواح میں موسلا دھاربارش نے سے سردی اور خُنکی میں اضافہ کردیا اوربارش کا سلسلہ آئندہ روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
کوہاٹ شہر میں موسلادھار بارش نے سے گرمی کا خاتمہ ہوگیا،مضافاتی علاقوں میں بھی بارش ہوئی ، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔