حکومت کی جانب سے انسداد سمگلنگ اور دیگر اقدامات کے نتیجے میں پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔ اورپاکستانی کرنسی نے ستمبر کے بعد اکتوبر میں بھی بہترین کارکردگی کا اعزاز برقرار رکھا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور بلوم برگ کے اعدادوشمار کے مطابق ابھرتی اورفرنٹ لائن معیشتوں میں پاکستانی کرنسی نے پیرکو بھی کاروباری ہفتہ کے آغاز پر امریکی ڈالرکے مقابلہ میں بہتر کارکردگی کا اعزاز برقرار رکھا، اور رواں ماہ انٹربینک میں ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں 0.4 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔
اعدادوشمار کے مطابق پیر کو ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی کرنسی کی قدر 281.65 روپے ریکارڈ کی گئی، گزشتہ کاروباری ہفتہ کے اختتام پر امریکی ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر 282.69 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔موجودہ مالی سال کے آغاز سے لیکر اب تک ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں مجموعی طور پر 1.7 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسی طرح امریکی ڈالر کے مقابلہ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرنسیوں میں ملائشین کرنسی دوسرے جبکہ جنوبی کوریا کی کرنسی تیسرے نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ ستمبر میں امریکی ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی کرنسی نے ابھرتی ہوئی اور فرنٹ لائن معیشتوں میں بہترین کرنسی کا اعزاز حاصل کر لیا تھا۔