وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں امن کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے ۔
منگل کو وزیر داخلہ محسن نقوی بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ساتھ ملاقات کی اور صوبے میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام بھی شریک تھے جبکہ ملاقات کے دوران بلوچستان میں امن عامہ اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کی اور دونوں رہنماؤں نے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ یہ جنگ ہر پاکستانی کی ہے، بلوچستان میں امن کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ امن و امان یقینی بنانے کے لئے مزید اقدامات اٹھا رہے ہیں، مٹھی بھر عناصر تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔