پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے چیئرمین محسن نقوی نے بنگلہ دیش کی پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں جیت پر خصوصی پیغام جاری کر دیا۔
لازمی پڑھیں۔ آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی سکواڈ کا اعلان
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا اور پورے میچ میں اپنے قدم جمائے رکھے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے لئے یہ تاریخی فتح ہے کیوںکہ انہوں نے ٹیسٹ میں پہلی بار پاکستان کو شکست دی ہے، بنگلہ دیش کو جیت پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم وہ کارکردگی نہیں دکھا سکی جو انہیں دکھانی چاہیے تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے آنے والے میچ میں پاکستان ٹیم شاندار واپسی کرے گی۔
یاد رہے کہ بنگلا دیش نے پاکستان کو راولپنڈی ٹیسٹ میں شکست دے کر تاریخ رقم کی اور ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف پہلی فتح حاصل کی ہے۔
راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے آخری روز پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگ میں صرف 146 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی اور بنگلادیش کو جیت کے لیے صرف 30 رنز کا ہدف دیا تھا جو بنگلادیش نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔