پاکستان نے گزشتہ 19سال میں انٹرنیشنل یورو اور سکوک بانڈز کے اجراء پر 5ارب 66کروڑ ڈالر سود ادا کیا، اس دوران 7ارب 50کروڑ ڈالر کی اصل رقم واپس بھی کی گئی۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور میں سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کے حکام نے بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ انٹرنیشنل یورو اور اسکوک بانڈز کی مد میں پاکستان کے زمہ جون دوہزار چوبیس تک مزید چھ ارب اسی کروڑ ڈالرز واجب الادا ہیں۔ پاکستان نے آخری بار جنوری دوہزار بائیس میں انٹرنیشنل بانڈ جاری کیا تھا۔ اپریل دوہزار اکیس میں ڈھائی ارب ڈالر کے بانڈز جاری کیے گئے۔ ان بانڈز پر پانچ اعشاریہ سات پانچ فیصد سے آٹھ اعشاریہ سات پانچ فیصد تک کی بلند شرح سے سود ادا کیا گیا۔ حکام کے مطابق امریکی فیڈرل ریزروز کی جانب سے شرح سود میں جلد کمی کا امکان ہے۔ یورپی، برطانوی اور کنیڈا کی مارکیٹ میں مارک اپ ریٹس میں پہلے ہی کمی آچکی۔ پاکستان میں بھی پالیسی ریٹ میں مزید کمی آنے کا امکان ہے۔ حالیہ برسوں میں عالمی اور مقامی سطح پر مہنگائی بڑھنے سے پالیسی ریٹ میں بھی اضافہ ہوا تھا ۔ حکام وزارت خزانہ کے مطابق انٹرنیشنل مارکیٹ میں شرح سود میں کمی آنے تک مزید بانڈز جاری نہیں کیئے جائیں گے۔