وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں کی نجکاری انتہائی اہم معاملہ ہے، نجکاری کے عمل میں مکمل شفافیت یقینی بنائیں گے ۔
بدھ کو وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں بڑے فیصلے کئے گئے اور نجکاری کمیشن بورڈ نے 6 کمپنیوں اور اداروں کی پرائیویٹائزیشن پروگرام کیلئے پری کوالیفیائیڈ فنانشل ایڈوائزرز سمیت اہم امور کی منظوری دے دی ۔
اجلاس میں روز ویلٹ ہوٹل کارپوریشن نیویارک کے لئے ٹرانزیکشن اسٹرکچر رپورٹ پیش کی گئی اور سفارشات میں "جوائنٹ وینچر"بہترین آپشن قرار دیا گیا جبکہ روز ویلٹ ہوٹل کیلئے فنانشل ایڈوائزرز کے تقرر اور ڈسکوز کے تکنیکی امور پر اتفاق بھی کر لیا گیا۔
عبدالعلیم خان نے نیویارک کی جے ایل ایل کمپنی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ روز ویلٹ ہوٹل کی ٹرانزیکشن کیلئے حکومت کو بہترین ڈیل حاصل ہوگی ۔
وفاقی وزیر نے خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کر کے ملکی خزانے کو بوجھ سے بچانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پہلے ہی بہت نقصان ہو چکا، مزید مالی دباؤ کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قواعد و ضوابط پر جو بھی ادارہ پورا اترے اسے نجکاری عمل میں ضرور شامل کیا جائے ۔
انہوں نے نجکاری کمیشن بورڈ کی اب تک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار بھی کیا ۔