مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے اپنے تمام پارٹی رہنماوں کو بجلی کی قیمتوں پر ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کرنے سے روک دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق دونوں سیاسی جماعتوں کی قیادت نے اپنے پارٹی رہنماوں کو ہدایت کی ہے کہ بجلی کی قیمتوں پر ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی نہ کی جائے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کو سعید غنی نے اسے سیاسی دکھاوا قرار دیا تھا جس پر عظمیٰ بخاری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت حسد نہ کریں ہمت کریں اورسندھ کے عوام کو ریلیف دیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سندھ حکومت پریشان ہے کہ پنجاب حکومت نے بجلی کے بلوں میں ریلیف کیوں دے دیا، پنجاب کی وزیراعلی کواپنے صوبے کے عوام کی فکر ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عوامی ریلیف کے اقدام پرفضول قسم کی سیاست کرنا باعث تعجب ہے، مریم نوازنے صوبے کے فنڈز سے اپنےعوام کو ریلیف دیا۔ مریم نواز نواز شریف کی بیٹی ہے اورنواز شریف نے ہمیشہ عوام کی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی جماعت کے تمام وزرا اور ترجمان عوامی ریلیف کے ہی خلاف بیانات دے رہے ہیں، آپ مشکل کی گھڑی میں عوام کو ریلیف دینے سے گھبرا کیوں رہے ہیں؟ ہمت کریں آپ بھی سندھ کےعوام کو ریلیف دیں تحریک انصاف کی لائن فالومت کریں۔
واضح رہے کہ وزیربلدیات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمت میں 2ماہ کا ریلیف سیاسی دکھاوا ہے۔ یہ کوئی طویل مدتی ریلیف نہیں۔ سوال یہ ہے دو مہینے کے بعد کیا ہوگا؟ دو مہینے بعد شہریوں کو مہنگی بجلی خریدنا پڑے گی۔