ایف آئی اے کراچی زون کا ہنڈی حوالہ میں ملوث ملزمان کےخلاف کریک ڈاون جاری ہے جس کےنتیجے میں 64 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق رواں سال کے دوران حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف خلاف کارروائی کرتے ہوئے چونسٹھ ملزمان کو گرفتار کر کے مجموعی طورپرتیئیس کروڑ پچپن لاکھ روپےسےزائد مالیت کی کرنسی برآمد کرلی ۔
ایف آئی اے کراچی زون نے رواں برس حوالہ ہنڈی اورکرنسی کی غیرقانونی ایکسچینج میں ملوث عناصرکےخلاف 42 چھاپہ مارکارروائیاں کرتےہوئے 35مقدمات درج کرکے 64 ملزمان کوگرفتارکرلیا ۔
برآمد کرنسی میں دولاکھ اکتالیس ہزارچھہ سوچالیس امریکی ڈالر اور 1 کروڑ 96لاکھ روپےسےزائد مالیت کی دیگرغیرملکی کرنسی اور 14کروڑ 33 لاکھ پاکستانی روپےبھی شامل ہیں۔
ملزمان بغیرلائسنس کرنسی کی ایکسچینج اورمختلف کاروبار کی آڑ میں بھی حوالہ ہنڈی میں ملوث تھے ملزمان سے ہنڈی حوالہ سےمتعلق متعدد رسیدیں اورموبائل فونز بھی برآمد کرلی ہیں۔
خیال رہے کہ ایف آئی اے کے آپریشنز پورے ملک میں جاری ہیں۔آپریشنز کی ہفتہ وار رپورٹ وزارت داخلہ میں جمع کرا دی گئی ہے جس کے مطابق چھ ہفتوں کے دوران172 چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے 170 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کارروائیوں کے دوران برآمد کی گئی رقم میں 2 لاکھ 78 ہزار امریکی ڈالر اور 12 کروڑ روپے مالیت کی دیگر غیر ملکی کرنسی شامل ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق خیبرپختونخوا زون میں 101، لاہور میں 15 اور گوجرانوالہ زون میں24 ملزمان گرفتارکیے گئے جبکہ فیصل آباد زون سے 21 ، ملتان زون سے 19 ،اسلام آباد سے 11 اور کراچی زون سے 22 ملزمان کو گرفتارکیا گیا۔