حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر انسانوں کے حق کا معاملہ ہے جسے بھارت خونریز بنا چکا ہے۔
سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدام سے کشمیریوں کے قتل عام کا پروانہ جاری کیا ، عالمی امن کسی بھی وقت تباہ ہوسکتا ہے ، دنیا ایسی بدترین عالمی جنگ کی طرف بڑھ رہی ہےجس میں کوئی اصول نہیں اور حل ایک ہی ہے کہ دنیا خصوصاً اقوام متحدہ کشمیر و فلسطین کے مسائل فوری حل کرے ۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ اگست 2019 کو مودی سرکار کے اقدام نے کشمیریوں کا ڈیتھ لائسنس جاری کیا، 76 سالہ تاریخ میں پہلے فوج ہی قابض تھی ، اب بھارتی شہریوں کو بھی قابض بنا دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بالی وڈ ایکٹرز کو کشمیری ہوٹلوں میں ٹھہرا کر وادی میں امن کا ڈھونگ رچایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کرہ ارض پر سب سے بڑا محصور علاقہ بن چکا ہے، کشمیر و فلسطین اقوام متحدہ کے فورم پر سب سے پرانے حل طلب مسائل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی امن کی صورتحال سنگین ہو چکی ، کسی بھی وقت کچھ بھی ہو سکتا ہے، دنیا ایسی بدترین عالمی جنگ کی طرف بڑھ رہی ہے جس میں کوئی اصول نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان معاملات کا حل ایک ہی ہے کہ دنیا خصوصاً اقوام متحدہ کشمیر و فلسطین کے مسائل حل کرے۔






















