ٹیلی کام سیکٹر کی کمپنیوں کو 50 ارب روپے سے زائد کی چھوٹ دیئے جانے کا انکشاف ہواہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پی ٹی اے ایل ڈی آئی کمپنیوں پر مہربان دکھائی دے رہی ہے ۔سماء نے ایل ڈی آئی کمپنیوں کو دی گئی چھوٹ کی دستاویزات حاصل کرلیں ہیں ۔ دستاویزات میں انکشاف ہواہے کہ 10 کمپنیوں کو لیٹ پیمنٹ چارجز کی مد میں54 ارب روپے کی چھوٹ دےدی گئی ۔
دستاویز میں انکشاف ہوا کہ ان کمپنیوں نےاے پی سی اور یو ایس ایف کی مد میں 76ارب روپے ادا کرنے ہیں،اس رقم میں 24 ارب روپے اصل جبکہ 54 ارب روپے لیٹ پیمنٹ چارجز شامل ہیں۔ 24 ارب روپے کی نصف رقم 30 قسطوں میں ادا کرنے کی سہولت دی گئی اور جرمانہ نظرانداز کر دیا گیا۔
سیکرٹری آئی ٹی نے بتایا کہ ایل ڈی آئی کمپنیوں کو واجبات اور مارک اپ معاف کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے، اگرنوٹیفکیشن سے کوئی ابہام پیدا ہوا ہے تو اسے دور کریں گے، سماء کے رابطہ کرنے کے باوجود ترجمان پی ٹی اے نے کوئی جواب نہ دیا۔
دستاویزات کے مطابق اس رقم کی ادائیگی کےلیے کمپنیوں نے عدالت سے رجوع کررکھا ہے،عدالت میں کیس ابھی تک زیرسماعت ہے، عدالتی احکامات میں کمپنیوں کے لائسنسوں کی تجدیدکیلئے کسی رعایت کا ذکر نہیں ہے ۔