قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں اڈیالہ جیل میں تقریباً چار گھنٹے تفتیش کی ہے۔
منگل کو ڈپٹی ڈائریکٹر نیب محسن ہارون کی سربراہی میں ٹیم پوچھ گچھ کے لئے دن گیارہ بجے اڈیالہ جیل پہنچی اور تین بجے کے بعد واپس روانہ ہوئی۔
ذرائع کے مطابق ملزمان سے بلگیری سیٹ توشہ خانہ میں جمع نہ کروانے ، بلگیری سیٹ کی کم قیمت لگوانے اور توشہ خانہ پروسیجر 2018 کی خلاف ورزی پر سوالات کئے گئے۔
ملزمان سے اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی طور پر سرکاری اثاثوں کی غیر قانونی فروخت کے الزام پر بھی پوچھ گچھ کی گئی ۔
یاد رہے کہ نیب نے ملزمان کو ہفتہ کی شام اڈیالہ میں گرفتار کرکے اتوار کو دونوں کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا تھا۔
ملزمان کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انہیں 22 جولائی کو احتساب عدالت پیش کیا جائے گا۔