وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) میں اصلاحات اور مکمل ڈیجیٹلائز یشن ہماری معاشی بقا کا مسئلہ ہے۔
جمعرات کو وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان کسٹمز اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور سے متعلق اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کسٹمز کا شعبہ پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ایف بی آر اور دیگر اداروں میں جاری اصلاحاتی منصوبوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ ہر سطح پر یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آرمیں جاری تمام اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن کے تمام منصوبوں کو ایک چھتری تلے لایا جائے اور ایف بی آر انفورسمنٹ کا نظام بہتر کر کے محصولات میں اضافے کو یقینی بنائے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پاکستان کی تمام پورٹس پر کسٹمز آپریشنز کو شفاف اور کرپشن فری بنانے کے حوالے سے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں اور کسٹمز آپریشنز میں حائل تمام تر غیر ضروری رکاوٹیں دور کی جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسٹمز ڈیوٹی کے بھرپور نفاذ کے لئے جدید ٹیکنالوجی ، مصنوعی ذہانت اور آلات کا استعمال کیا جائے اور کسٹمز کے نظام میں اصلاحات کے حوالے سے جاری منصوبے کے لئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کا فوری قیام عمل میں لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مس انوائسنگ کے حوالے سے تمام تر مسائل حل کئے جائیں، پاکستان کی صنعتوں اور مصنوعات کو تحفظ دینے کے لئے انڈر انوائسنگ کا خاتمہ کیا جائے ، انفورسمنٹ کے ذریعے کتنا ریونیو اکٹھا ہوا اس کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شپنگ کے شعبے کے آپریشنز کے حوالے سے ریگولیٹری فریم ورک کا قیام عمل میں لایا جائے۔