الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں عدم پیشی پر فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔
بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبر نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے کی۔ وکیل استغاثہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے لئے اس کیس میں کوئی حکم امتناع نہیں۔ جنوری میں آخری بار ہائی کورٹ میں اس کیس کی سماعت ہوئی تھی اور عدالت نے حتمی آرڈر پاس کرنے سے روکا تھا لیکن کاروائی کی جا سکتی ہے۔ قانون شہادت میں آپ جدید ٹیکنالوجی استعمال کر سکتے ہیں ۔ الیکشن کمیشن جوابدہ کی ورچول حاضری کو یقینی بنا سکتا ہے۔
ممبر کمیشن نے کہا کہ سول کیسز میں تو حاضری ضروری نہیں تاہم فوجداری کیس میں حاضری لازمی ہے۔ شعیب شاہین کے معاون وکیل نے بتایا کہ ہائی کورٹ میں فواد چوہدری کا کیس چل رہا ہے ۔ ممبر کمیشن بولے ہائی کورٹ میں تو فواد چوہدری کی حاضری ضروری نہیں ، کمیشن آزاد ہے، کسی کے ماتحت نہیں ۔
الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت سات اگست تک ملتوی کر دی۔ الیکشن کمیشن بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری پرفرد جرم پہلے ہی عائد کرچکا ہے۔