لاہورکی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی ائی کی بہنوں فواد چوہدری، اسد عمرسمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 24 جولائی تک توسیع کر دی۔ عدالت نے پراسکیوشن سے ریکارڈ طلب کرلیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نےعبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی عمر ایوب ،اسد عمر، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سمیت دیگر پیش ہوئے۔
دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ پولیس افسران جھوٹ بول رہے ہیں جھوٹ بولنے پر ان کو جیل میں ڈالا جائے۔ شامل تفتیش ہونے کے لیے پولیس کے پاس گئے مگروہاں پر انتظارکرایا گیا اور عدالت میں آ کر کہہ رہے ہیں شامل تفتیش نہیں ہوئے۔عدالت ہمیں جیل میں ڈال دیں۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔عدالت نے تفتیشی افسرکی جانب سے ریکارڈ نہ پیش کرنے پرتفتیشی افسران کوشوکازنوٹس جاری کردیا اورحکم دیا کہ آئندہ سماعت پرریکارڈ پیش کیا جائے۔عدالت نے مزید کاروائی 24 جولائی تک ملتوی کردی۔