وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ٹیکسوں میں اضافہ نہ کیا توایک بار پھر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف ) کے پاس جانا پڑے گا۔
فنانشل ٹائمز کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے جان چھڑانی ہے تو ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی آمدنی بڑھانا ہوگی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ رواں ماہ آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے کے لیے پراعتماد ہیں۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار سٹاک مارکیٹ پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، عوام ایف بی آر پر بھروسہ نہیں کرتے اس لیے ٹیکس نیٹ میں آنے سے گھبراتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کے لیے پرکشش منصوبے پیش کرنے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر سے متعلق عوام کی رائے مثبت نہیں ہے، پاکستانی معیشت درآمدات پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ درآمدات کے باعث ڈالر کا بحران پیدا ہوتا ہے اور قرض لینا پڑتا ہے۔