سندھ حکومت کی جانب سے متوسط طبقے کو سولر سسٹم لگانے کیلئے بلاسود قرض فراہم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
سندھ کے وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قوم کو عید کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس موقع پر ہمیں اپنے شہیدوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بہت سارے علاقو میں مسائل ہیں،بجٹ میں عام آدمی کوریلیف دینےکی کوشش کی ہے، بجٹ میں جاری اسکیموں کو ترجیح دی گئی ہے، عوام سے کیے گئے وعدے کو پورا کریں گے۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پورے سندھ میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں بیس لاکھ سے زائد گھروں میں بجلی نہیں ہے، ہم ہر سال پانچ لاکھ لوگوں کو بجلی فراہم کریں گے، کٹیگری وائز بجلی فراہم کریں گے، انتہائی غریب گھرانوں کو ایک پنکھا اور 3 بلب جلانے کے لیے پہلے سولر سسٹم فراہم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جولوگ خود سولر لگانا چاہتے ہیں تو اس حوالے سے قرض اسکیم بنا رہے ہیں، قرض کا انٹرسٹ سندھ حکومت برداشت کرے گی۔
انکا مزید کہنا تھا کہ سندھ کے ہر ضلع میں دومنی گرڈ اسٹیشن بنائیں گے۔