پنجاب حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو مفت سولر سسٹم دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
جمعرات کو وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے 5 ہزار 446 ارب کا صوبائی بجٹ پیش کیا جسے ٹیکس فری قرار دیا گیا ہے۔
بجٹ تقریر کے دوران صوبائی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بجٹ کا مجموعی حجم 5 ہزار 446 ارب روپے ہے جبکہ کل آمدن کا تخمینہ 4 ہزار 643 ارب 40 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔
بجٹ دستاویز کے مطابق 9 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے چیف منسٹر روشن گھرانہ پروگرام شروع کیا جائے گا جس کے ذریعے منہگی بجلی سے پریشان عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
پروگرام کے پہلے مرحلے میں 100 یونٹس استعمال کرنے والے صارفین کو مکمل سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں 9 ارب روپے کی لاگت سے چیف منسٹر سولرائزیشن آف ایگری کلچر ٹیوب ویلز پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جس کے تحت 7 ہزار ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کیا جائے گا۔