پاکستان سٹاک ایکسچینج میں فہرستی کمپنیوں کے منافع میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر16 فیصدکی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کمپنیوں کی جانب سے جمع کرائے جانیوالے مالیاتی بیانات کے مطابق مالی سال 2023 میں کمپنیوں کومجموعی طورپر12 کھرب 4 ارب 42کروڑ50 لاکھ روپے کا بعد ازٹیکس منافع حاصل ہوا جومالی سال 2022 کے مقابلہ میں 16 فیصد زیادہ ہے، مالی سال 2022 میں کمپنیوں کو10 کھرب 40 ارب،24 کروڑ،80 لاکھ روپے کا بعدازٹیکس منافع حاصل ہواتھا۔
اعدادوشمار کے مطابق بینکوں کے منافع میں مالی سال 2023 کے دوران سالانہ بنیادوں پر68 فیصد، آئل ایکسپلوریشن اینڈپروڈکشن 69 فیصد، خوراک 35فیصد، کیمکلز 11 فیصد، ریفائنریز 35 فیصد اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے منافع میں 47 فیصد کی نموریکارڈ کی گئی۔
اس کے برعکس کھاد ساز کمپنیوں کے منافع میں سالانہ بنیادوں پر20 فیصد، سیمینٹ 12 فیصد، آئل مارکیٹنگ کمپنیز 88 فیصد، انجنئیرنگ 29 فیصد، فارما57 فیصد، پاور90 فیصد، آٹوموبائل 94 فیصد، اوردیگرکمپنیوں کے خالص منافع میں سالانہ بنیادوں پر7 فیصدکی کمی ہوئی۔