چین کے صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ پاک چین اسٹریٹجک تعلقات مزید گہرے ہو رہے ہیں ۔
دورہ چین کے دوران بیجنگ میں وزیراعظم شہباز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات میں ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران افغانستان، فلسطین اور مسئلہ کشمیر سمیت علاقائی و عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ایک بڑی پیشرفت بھی سامنے آئی کہ دونوں ممالک کے درمیان سی پیک کی اپ گریڈیشن اور بڑے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے پر اتفاق ہوا ۔
اس موقع پر چینی صدر شی جن پنگ نے پاک چین دوستی قابل فخر قرار دی اور کہا کہ پاکستان اور چین اچھے شراکت دار ہیں جو ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں، دونوں ہمسایہ دوست ممالک اچھے بھائی ہیں جو ایک دوسرے کے غم اورخوشی میں شریک ہوتے ہیں ۔
شی جن پنگ کا کہنا تھا پاکستان اور چین کے اسٹریٹجک تعلقات ہر گزرتے لمحے کے ساتھ مزید گہرے ہو رہے ہیں ۔
وزیراعظم نے پاکستان میں چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت اور سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم اور مکمل حمایت پر زور دیا اور بتایا حکومت کا عوامی،سماجی اور اقتصادی ترقی کا ایجنڈا چین کے 'مشترکہ خوشحالی' کے تصور پر مبنی ہے۔
علاوہ ازیں چینی صدر نے وزیر اعظم کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جہاں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کا ایک اور دور ہوا۔
دوسری جانب وزیراعظم دورہ چین کے تیسرے مرحلے میں شی آن پہنچ گئے ہیں جہاں شانشی کے نائب گورنر اور چینی سفارتی عملے نے وفد کا استقبال کیا۔
شہبازشریف دورے کے دوران صوبے کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے ۔