کامیڈی کے بے تاج بادشاہ کو مداحوں سے بچھڑے 2 برس بیت گئے۔عمر شریف واحد اداکار تھے جنہوں نے ایک سال میں چار نگار ایوارڈ حاصل کیے.پاکستان شوبز انڈسٹری کے لیجنڈری کامیڈین و اداکار عمر شریف کی دوسری برسی آج منائی جا رہی ہے۔
19اپریل 1955 کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پید اہونے والے عمر شریف نے اپنے کیریئر کا آغاز 19 سال کی عمر میں بطور سٹیج پرفارمر ’عمر ظریف ‘ کے نام سے کیا تاہم بعدازاں اپنا نام تبدیل کرکے عمر شریف رکھ لیا۔
لیجنڈری کامیڈین کے انتہائی مقبول مزاحیہ اسٹیج ڈراموں میں ’بکرا قسطوں پر‘ اور’ بڈھاگھر پر ‘شامل ہیں جبکہ’ مسٹر420‘، ’مسٹرچارلی‘، ’خاندان‘اور ’لاٹ صاحب‘ان کی مقبول ترین فلمیں ہیں۔
عمرشریف کو پاکستانی انڈسٹری کے لئے ان کی ناقابل فراموش خدمات کے اعتراف میں کئی اعزازات سے بھی نوازا گیا۔
وہ واحد اداکار تھے جنہوں نے ایک سال میں چار نگار ایوارڈ حاصل کیے جبکہ انہیں تین گریجویٹ ایوارڈز بھی ملے، انہیں حکومت پاکستان کی طرف سے تمغہ امتیازسے بھی نوازا گیا۔
عمرشریف کو اگست 2021میں دل کا دورہ پڑا تھا اور ان کے قریبی دوست پرویز کیفی کے مطابق وہ دل کے دو بائی پاسز سے گزرے تھے بعدازاں انہیں 28 ستمبر 2021 کو امریکا میں سرجری کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے پاکستان سے باہر لے جایا گیا تھا۔
ان کی طبعیت زیادہ خراب ہونے پر انہیں جرمنی کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں 2 اکتوبر 2021 کو ان کا انتقال ہوگیا تھا