وزیر اعظم شہباز شریف کا ناروے کے ہم منصب جوناس گہر سٹور سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس کے دوران انہوں نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے ناروے کے فیصلے کو سراہا ہے۔
اتوار کو ہونے والے ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کیخلاف عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔
دونوں رہنماوں کے درمیان رابطے کے دوران پاکستان اور ناروے کے تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
شہبازشریف نے ناروے کے وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
گفتگو کے دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دو ریاستی حل مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کیلئے بہترین راستہ ہے اور امید ہے ناروے ، اسپین اور آئرلینڈ کا فیصلہ دوسرے ممالک کو پیروی کی ترغیب دے گا۔
شبہاز شریف کا کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں عالمی برادری کشمیریوں کی حالت زار پر بھی توجہ دے گی، کشمیری برادری 76 سال سے بھارت کے وحشیانہ قبضے اور جبر کا سامنا کر رہی ہے۔