پیمرا کی جانب سے عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی کے خلاف کورٹ رپورٹرز کی تنظیموں کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹی وی چینلز کے خلاف تادیبی کارروائی سے روکتے ہوئے پیمرا کو نوٹس جاری کردیا۔
عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن، پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے پیمرا نوٹیفکیشن معطل کرنے کی متفرق درخواست پر بھی پیمرا اور سیکرٹری انفارمیشن کو نوٹس جاری کردئیے،سماعت اٹھائیس مئی تک ملتوی کردی گئی۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کا حکم نامہ بھی جاری کردیا تحریری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ وکیل کے مطابق نوٹیفکیشن کے اجرا سے قبل اسٹیک ہولڈرز کو کوئی نوٹس نہیں دیا گیا نوٹیفکیشن کے ذریعے عدالتی کارروائی ٹی وی چینلز پر رپورٹ کرنے پر پابندی عائد کی گئی تحریری حکمنانہ میں کہا گیا ہے کہ پیمرا نوٹیفکیشن پر عمل کرنے والوں کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی نہ کی جائے۔
دوسری جانب عدالتی رپورٹنگ پر پابندی کے خلاف صحافتی تنظیمیں سراپا احتجاج ہیں اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن نے پیمرا نوٹیفکیشن واپس لینے کا مطالبہ کردیا بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی بھی صحافیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے میں شریک ہوئے، انہوں نےکہا کہ پیمراء کا نوٹیفکیشن غیر آئینی ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔