وزیر اعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی ہے ایسی افراتفری میں ہمیشہ کچھ لوگ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کیلئے نکل آتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مباحثے، مذاکرے اور پرامن مظاہرے جمہوریت کے حسن ہیں تاہم، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں۔
اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تخریبی عناصر کی کوششوں کے باوجود معاملہ جلد خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف سے صدر ن لیگ آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس کے دوران انہوں نے وزیراعظم کو آزاد کشمیر کی موجود صورتحال سے آگاہ کیا۔