فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ صرف امریکا ہی اسرائیل کو غزہ کے سرحدی شہر رفح پر حملہ کرنے سے روک سکتا ہے۔
اتوار کو سعودی دارالحکومت ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی صدر محمود عباس کا کہنا تھا کہ رفح پر اسرائیلی حملے زیادہ تر فلسطینی آبادی کو انکلیو سے بھاگنے پر مجبور کر سکتے ہیں۔
محمود عباس کا کہنا تھا کہ امریکا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل سے کہے کہ رفح پر حملہ نہ کرے، امریکا واحد ملک ہے جو اسرائیل کو اس جرم کے ارتکاب سے روک سکتا ہے۔
عباس نے کہا کہ رفح پر ایک "چھوٹی سی سٹرائیک" بھی فلسطینی آبادی کو غزہ سے بھاگنے پر مجبور کر دے گی اور فلسطینی عوام کی تاریخ کی سب سے بڑی تباہی تب آئے گی۔
رپورٹس کے مطابق امریکا سمیت اسرائیل کے قریبی اتحادی مغربی ممالک نے اس سے درخواست کی ہے کہ وہ جنوبی شہر پر حملہ کرنے سے باز رہے جو مصر کی سرحد سے متصل ہے اور 10 لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں کو پناہ دے رہا ہے۔