وزیراعظم شہبازشریف نے دورہ سعودی عرب کے دوران عالمی اقتصادی فورم کی سائیڈ لائینز پر مینجنگ ڈائریکٹر ( ایم ڈی ) انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کرسٹالینا جارجیوا سے اہم ملاقات کی ہے جس کے دوران 3 ارب ڈالر کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ حاصل کرنے میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
شہبازشریف کی دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد ایم ڈی آئی ایم ایف سے یہ پہلی ملاقات تھی جس کے دوران انہوں نے اسٹینڈ بائی ارینجمینٹ سے متعلق وزیر اعظم کے قائدانہ کردار کو سراہا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت معیشت کو دوبارہ پٹڑی پر لانے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے۔
شہباز شریف نے ایم ڈی سے ایک اور آئی ایم ایف پروگرام میں داخل ہونے پر بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ گزشتہ سال میں حاصل ہونے والے فوائد کو مستحکم کیا جائے اور اس کی اقتصادی ترقی کی رفتار مثبت رہے۔
ایم ڈی آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ جاری پروگرام بشمول جائزہ کے عمل کے بارے اپنے ادارے کے نقطہ ءنظر سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو ان کی سہولت کے مطابق دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
کرسٹالینا جارجیوا کا بیان
ملاقات کے بعد کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا تھا کہ پاکستانی وزیراعظم شہبازشریف کے ملاقات نتیجہ خیز رہی، ملاقات میں پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاکستان کی جامع ترقی کیلئے پالیسی اصلاحات پر بھی گفتگو کی گئی۔
لازمی پڑھیں۔ سعودی وزیر سرمایہ کاری نے شہباز شریف کو "پرائم منسٹر آف ایکشن" قرار دے دیا
ایم ڈی آئی ایم ایف کا کہنا اتھا کہ پالیسی اصلاحات اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مضبوط فیصلے لینے پر گفتگو ہوئی اور مسائل کے پائیدار حل اور ترقی کے لیے اہم اقدامات پر غور کیا گیا۔