خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کسٹم اہلکاروں پر دہشت گردوں کے حملے میں دو اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق افسوسناک واقعہ ڈی آئی خان میں بنوں روڈ پر پیش آیا، حملے میں دو کسٹم اہلکار شہید جبکہ 3زخمی ہوگئے۔ پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کسٹمز اہلکاروں پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہید اہلکاروں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، شہداء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
واضح رہے کہ تین روز قبل بھی ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے سگو روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 5 کسٹم اہلکار جاں بحق ہو گئے تھے۔ فائرنگ کے زد میں آکر ایک بچی بھی جان سے گئی، جبکہ ایک راہ گیر بھی زخمی ہو گیا ہے۔
کسٹم انٹیلی جنس کے اہلکار ڈی آئی خان کوئٹہ روڈ پر روٹین کی ڈیوٹی پر تھے کہ نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔