سینیٹ انتخابات کے مکمل نتائج سامنے آ چکے ہیں جس کے مطابق ن لیگ پنجاب سے پانچ، پیپلز پارٹی سندھ سے 10 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہو گئی ہے تاہم ووٹنگ کے عمل کے دوران نوازشریف اور پی پی کے امیدوار رانا محمود الحسن کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔
تفصیلات کے مطاببق سینیٹ انتخابات کیلئے ووٹنگ کے دوران نوازشریف جب ووٹ کی پرچی حاصل کرنے کیلئے وزیراعظم شہبازشریف کے ہمراہ پولنگ عملے کے پاس کھڑے تھے تو رانا محمود الحسن نے آگے بڑھ کر ہاتھ ملایا، اس موقع پر نوازشریف نے مصافحہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ رانا صاحب کیا حال ہے آپ کا ‘ ۔ رانا نوید الحسن نے حال احوال کے بعد ووٹ دینے پر نوازشریف کا شکریہ ادا کیا ۔نوازشریف نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’ آپ کو ووٹ بھاری دل سے دے رہاہوں ،میرے دل پر بوجھ ہے ‘ ۔
یاد رہے کہ رانا محمود الحسن طویل عرصہ تک مسلم لیگ ن کا حصہ رہے ہیں ۔
آج سینیٹ کی 19 نشستوں پر پر انتخاب کیلئے پولنگ ہوئی جس میں قومی اسمبلی، پنجاب اور سندھ اسمبلی کی نشستیں شامل تھیں، الیکشن کمیشن نے کے پی کے اسمبلی کی نشستوں پر لولنگ ملتوی کر دی تھی ۔
آج ہونے والے انتخاب میں ن لیگ پنجاب سے 5 ، پیپلز پارٹی سندھ سے 10 ، اسلام آباد سے ٹیکنو کریٹ کی نشست ن لیگ جبکہ جنرل نشست پیپلز پارٹی نے جیت لی ہے ۔