گورنر پنجاب کی جانب سے احد چیمہ کے بچوں کی فیس معافی کے بعد ایچی سن کے پرنسپل مائیکل تھامسن کے استعفے کا معاملہ تنازع کی شکل اختیار کر گیاہے جس کے بعد اب ایچی سن کے بورڈ آف گورنرز کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق تمام بورڈ آف گور نرز کو کل اجلاس میں شامل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے ،جس دوران گورنر پنجاب کے فیس معافی کے اختیارات کا جائزہ لیا جائے گا ۔
ذرائع ایچی سن کالج کا کہناہے کہ گورنر پنجاب نے بطورصدر بورڈ آف گورنر اختیارات سے تجاوز کیا، معاملہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے بورڈ میٹنگز میں شامل تھا،گورنر پنجاب نے بورڈ کو اعتماد میں لیے بغیر فیصلہ جاری کیا، گورنر پنجاب کے فیصلے کی قانونی حیثیت کودیکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ احد چیمہ کی اہلیہ نے فیس معافی کی درخواست دی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ پوسٹنگ اسلام آباد ہوگئی ہے،بچے چھوٹے ہیں،اکیلے نہیں رہ سکتے،بچے مزید تعلیم اسلام آباد میں حاصل کریں گے،بچوں کی اسکول فیس معاف کی جائے،پرنسپل ایچی سن کالج نے درخواستیں مسترد کردیں تاہم بعدازاں معاملہ گورنر پنجاب کے پاس پہنچا تو انہوں نے فیس معاف کرنے کا حکم جاری کیا ۔
گورنر پنجاب کی ہدایت کے بعد پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل تھامسن احتجاجا مستعفی ہو گئے اور پاکستان سے جانے کا اعلان کر دیا۔اور اپنے خط میں لکھا کہ سکولوں میں سیاست اور سفارشوں کی کوئی جگہ نہیں،چند افرادکیلئےاختیارات کاناجائزاستعمال کیاجاتاہے۔