انڈین پریمئیر لیگ ( آئی پی ایل ) کی فرنچائز راجستھان رائلز کے کھلاڑی ایڈم زمپا نے آئی پی ایل 2024 سے دستبرداری اختیار کر لی۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی کرکٹر ایڈم زمپا نے ذاتی وجوہات کی بنا پر آئی پی ایل کے رواں ایڈیشن سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔
زمپا کو راجستھان رائلز نے دسمبر میں دبئی میں ہونے والی نیلامی سے پہلے 1.5 کروڑ روپے کے معاہدے پر برقرار رکھا تھا لیکن ان کے منیجر نے جمعرات کو تصدیق کی کہ وہ آئی پی ایل 2024 میں حصہ نہیں لیں گے۔
رائلز کی ٹیم میں ہندوستان کے دو بہترین اسپنرز آر ایشون اور یوزویندر چاہل ہیں لیکن زمپا نے پھر بھی 2023 کے سیزن میں چھ میچ کھیلے، انہوں نے 8.54 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ 8 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
زمپا اس سے قبل آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور اور رائزنگ پونے سپر جائنٹ کی نمائندگی کر چکے ہیں، انہوں نے چار مختلف سیزن میں اپنے 20 میچوں میں 29 وکٹیں حاصل کیں۔
یاد رہے کہ رائلز نے حالیہ ہفتوں میں پرسدھ کرشنا کو بھی اپنے باؤلنگ اٹیک سے کھو دیا ہے اور وہ سرجری کے بعد سیزن سے باہر ہو گئے تھے۔
رائلز نے ابھی تک پرسیدھ یا زمپا کے متبادل کھلاڑی کا اعلان نہیں کیا ہے۔