اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ، ایس ایس پی آپریشنز کو 4 ماہ جبکہ ایس ایچ او تھانہ مار گلہ کو 2 ماہ قید اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانوں کی سزا کا فیصلہ معطل کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت کی جس میں توہین عدالت کیس میں سزا کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کون سا آرڈر تھا جس کی خلاف ورزی ہوئی ہے؟ راجہ رضوان عباسی نے بتایا کہ شہریار آفریدی کا ایم پی او آرڈر جاری کیا گیا تھا۔
جسٹس میاں گل حسن نے ریمارکس دیے ہمارے حکم امتناع کو اسلام آباد پولیس دیکھتی بھی نہیں ہے، ہم گرفتاری سے روکتے ہیں تو وہ لازمی گرفتار کر لیتے ہیں، جب توہینِ عدالت کی کارروائی ہوتی ہے تو معافیاں مانگتے ہیں، ہم تو آپ کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔
بعدازاں، عدالت نے سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔