اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر فلسطینیوں کا قتل عام کردیا۔نصیرات اور غزہ سٹی میں بمباری سے 42 فلسطینی شہید ہوگئے،شہدا میں ایک ہی خاندان کے 15 افراد بھی شامل ہیں،درجنوں ملبے تلے دب گئے۔
عرب میڈیا رپورٹس کےمطابق وسطی غزہ پر اسرائیلی طیاروں کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں نصیرات میں خواتین اور بچوں سمیت 27 فلسطینی شہید ہوگئے،الا قصیٰ شہید اسپتال میں زخمیوں کے لیے جگہ کم پڑ گئی۔
دوسری جانب غزہ سٹی میں تین منزلہ عمارت پر صہیونی فوج نے میزائل داغ دیا، حملے میں ایک ہی خاندان کے پندرہ افراد نے جام شہادت نوش کیا۔
اسپتالوں میں طبی عملہ بھی غذائی قلت سے متاثر ہونے لگا،عالمی ادارہ صحت کے مطابق مسلسل کام اور مناسب غذا نہ ہونےسےڈاکٹروں اور نرسوں کا وزن تیزی سے گر رہا ہے۔
دوسری جانب شمالی غزہ میں کئی ماہ بعد امداد پہنچنے لگی، دس سے زائد ٹرک حماس کی نگرانی میں شمالی غزہ پہنچ گئے۔